حیدرآباد 28 اپریل ( این ایس ایس ) تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر نشین پروفیسر کودانڈا رام کو آج اس وقت برہمی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وہ سوریا پیٹ ‘ موٹ کورو اور ترملگیری مارکٹ یارڈز کا دورہ کرنا چاہتے تھے ۔ جب وہ مارکٹ یارڈز میں کسانوں کے مسائل کا جائزہ لینے پہونچے تو کچھ ٹی ار ایس کارکنوں نے ان کے دورہ کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ صورتحال سوریا پیٹ میں اس وقت کشیدہ ہوگئی جب ٹی آر ایس کارکنوں نے پروفیسر کودانڈا رام کو کسانوں سے بات چیت کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ انہوں نے کودانڈا رام کے خلاف نعرے لگائے اور کہا کہ وہ واپس چلے جائیں ۔ کودانڈا رام چونکہ کسانوں سے بات چیت نہیں کرسکے اس لئے وہاں سے چلے گئے ۔ یہاں کسانوں اور ٹی آر ایس کارکنوں کے مابین بھی کچھ لفظی تکرار ہوئی ۔ بعد ازاں کودانڈا رام نے ٹی آر ایس کارکنوں کے رویہ پر تاسف کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کارکنوں کا یہ رویہ جمہوریت کے مغائر تھا ۔ ان کارکنوں کو ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا ۔وہ کسانوں سے ملاقات کیلئے پہونچے تھے اور انہیں روک دیا گیا ۔