ٹول فیس کی طلبی پر سپروائزر کو مار پیٹ ۔ 6 افراد گرفتار
حیدرآباد۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) کرتال ٹول پلازہ پر غنڈہ گردی اور سوپروائزر کو زخمی کرنے کے الزام میں پولیس نے 6 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں ٹی آر ایس قائد رام موہن گوڑ کا لڑکا منیش گوڑ بھی شامل ہے۔ اس واقعہ پر ٹی آر ایس حلقوں میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ ٹی آر ایس قائدین کے کردار کو بدنامی سے بچانے ہائی کمان کی کوششیں بے سود ثابت ہورہی ہیں۔ خود کارپوریٹر کا کہنا ہے کہ انھیں بدنام کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ رات منیش گوڑ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سری سیلم مندر کے درشن سے واپس ہورہا تھا کہ کرتال ٹول پلازہ پر ٹول سوپروائزر راجیش نے ٹول فیس وصول طلب کی ۔ اس دوران ڈرائیور نے سوپروائزر کے ساتھ بدسلوکی کرکے گالی گلوج کی اور ایک کے بعد دیگر منیش اور اس کے ساتھیوں نے راجیش کو زدوکوب کا نشانہ بنایا۔ راجیش کے الزامات کے مطابق جو شکایت اس نے پولیس میں درج کرائی چاقو کے ذریعہ منیش نے اسے دھمکایا اور مارنے کی دھمکی بھی دی ۔ کرتال پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے 6 افراد کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ منیش کی والدہ لکشمی پرسنا ونستھلی پورم بی این ریڈی نگر کی کارپوریٹر ہیں اور رام موہن گوڑ ایل بی نگر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے حلقہ انچارج ہیں۔