ٹی آر ایس پلینری میں نماز جمعہ کا اہتمام

حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس پلینری سیشن میں نماز جمعہ کا باجماعت اہتمام کیا گیا۔ پلینری کے جمعہ کے دن انعقاد کے سبب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلم مندوبین کیلئے نماز گاہ کے اہتمام کی ہدایت دی تھی جس کے مطابق ایک مخصوص گوشہ میں عارضی نماز گاہ تیار کی گئی جس میں شطرنجیاں اور سفید چادریں بچھائی گئی تھیں۔ باقاعدہ خطبہ جمعہ اور نماز کا اہتمام کیا گیا جس میں شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، صدر ریاستی اقلیتی سیل ٹی آر ایس عبدالمجیب، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین، صدر نشین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ یوسف زاہد اور دوسروں نے باجماعت نماز ادا کی۔ پارٹی کے بعض مسلم قائدین نماز کے وقت پلینری سے روانہ ہوگئے اور شہر کی دیگر مساجد میں نماز ادا کی۔ پلینری کے موقع پر نماز کے انتظام کا اقلیتی قائدین کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا۔