ٹی آر ایس پلینری سیشن سے ملک کی سیاست کو نئی جہت

وزیر فینانس ای راجندر کا دعویٰ، رکن پارلیمنٹ سنتوش کمار نے انتظامات کاجائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے کہا کہ 27 اپریل کو پارٹی کے پلینری سیشن میں قومی اور ریاستی مسائل پر مباحث ہوں گے۔ پلینری سیشن عوام کیلئے اہم مسائل پر رہنمائی کا ذریعہ بنے گا۔ وزیر فینانس نے کومپلی پہنچ کر پلینری سیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران ٹی آر ایس نے کئی مشکلات کا سامنا کیا لیکن کے سی آر نے جدوجہد کو جاری رکھا۔ کے سی آر کی قیادت میں کارکنوں نے بلند حوصلوں کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی اور علحدہ ریاست حاصل کی گئی ۔ حکومت کی تشکیل کے بعد ناانصافیوں کے شکا تلنگانہ کو سنہری تلنگانہ میں تبدیل کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ گزشتہ چار برسوں میں اس سلسلہ میں پیشرفت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کئی تجربہ کار سیاسی جماعتوں کے مقابلہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی حکمرانی بہتر ہے۔ ترقی اور فلاحی اقدامات میں ریاست کو ملک میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ راجندر نے کہا کہ انتہائی کم مدت میں ترقیاتی اقدامات کا ریکارڈ قائم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پلینری سیشن میں حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے مندوبین اسکیمات پر عمل آوری میں اپنی تجاویز پیش کریں گے۔ وزیر فینانس نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ قومی سطح پر تیسرے محاذ کے قیام کے سلسلہ میں پلینری سیشن کو اپنے منصوبہ سے واقف کرائیں گے۔ اسی دوران رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار ، میئر حیدرآباد بی رام موہن ، رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر اور دیگر قائدین نے کومپلی پہنچ کر پلینری سیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ سنتوش کمار نے کہا کہ انتظامات مکمل ہوچکے ہیں اور 15000 سے زائد مندوبین کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے اعتبار سے مندوبین کے لئے پانی اور چھانچ کا انتظام کیا جارہا ہے ۔
تلنگانہ اور اے پی کے گورنر کا دورہ دہلی مختصر،حیدرآباد واپسی
حیدرآباد25اپریل(یواین آئی) دونوں تلگو ریاستوں کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن اپنا دورہ دہلی مختصر کرتے ہوئے حیدرآباد واپس ہوگئے ۔وہ منگل کو دو روزہ دورہ پر قومی دارالحکومت روانہ ہوئے تھے ۔آ ج انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کا وقت لیا تھا۔آج صبح 9.30بجے ان کی ملاقات راج ناتھ سے ہونے والی تھی جبکہ تین بجے سہ پہر وہ وزیراعظم مودی سے ملاقات کرنے والے تھے تاہم انہوں نے آج صبح ہی اپنے دورہ کو مختصر کردیا اور قومی دارالحکومت نئی دہلی سے ریاستی دارالحکومت حیدرآباد واپس ہوگئے ۔دورہ کو مختصر کرنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔واضح رہے کہ حال ہی میں دونوں تلگو ریاستوں کے وزرائے اعلی نے ان سے ملاقات کی تھی اور تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔اس سلسلہ میں تفصیلات سمیت تلگوریاستوں کی تازہ سیاسی صورتحال پر گورنر مرکز کو رپورٹ دینے کیلئے دہلی روانہ ہوئے تھے ۔