ٹی آر ایس پلینری اجلاس کے مندوبین ، حیدرآبادی چکن بریانی سے محروم رہیں گے

برڈ فلو وباء کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی طعام انتظامی کمیٹی کو ہدایت
حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے 24اپریل سے شروع ہونے والے پلینری سیشن کے مندوبین کو حیدرآباد کی مقبول عام بریانی سے محروم ہونا پڑے گا۔ تلنگانہ کے بعض علاقوں میں برڈ فلو کی وباء کی اطلاعات کے ساتھ ہی برسر اقتدار ٹی آر ایس نے مندوبین کے طعام کے مینو سے چکن بریانی کو حذف کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے طعام کے انتظامات سے متعلق کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ مندوبین کی صحت کا خیال کرتے ہوئے چکن کے پکوان سے گریز کریں۔ گزشتہ چند دن سے رنگاریڈی اور دیگر علاقوں میں برڈ فلو کی وباء کے سبب ہزاروں مرغیوں کو تلف کرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ حکومت نے محکمہ صحت اور بلدیات کو ہدایت دی ہے کہ وہ پولٹری فارمس اور چکن کے ریٹیل شاپس پر نظر رکھیں تاکہ عوام کو بیمار چکن کی خریدی سے بچایا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ پلینری سیشن میں 50ہزار سے زائد مندوبین کی شرکت کا امکان ہے جن کا تعلق 10اضلاع سے ہوگا۔ فوڈ کمیٹی نے ابتداء میں جو مینو تیار کیا تھا اس میں چکن بریانی کو سرفہرست رکھا گیا تھا کیونکہ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کے مندوبین میں چکن بریانی کی کافی مانگ دیکھی گئی ہے۔ سابق میں جب کبھی ٹی آر ایس کے اجلاسوں میں مندوبین کیلئے کھانے کا انتظام کیا گیا اس میں چکن بریانی لازمی طور پر شامل رہی لیکن اس مرتبہ مینو سے بریانی کو حذف کرنے کے سبب مندوبین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مینو میں چکن بریانی کے علاوہ چکن کری اور چکن سے تیار ہونے والے بعض دیگر آئٹمس کو شامل کیا گیا تھا لیکن برڈ فلو نے چکن سے متعلق تمام آئیٹمس کو مینو سے علحدہ کرنے پر مجبور کردیا۔ اس فیصلہ کے بعد مندوبین کیلئے کھانے کے انتظامات کا مینو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی مرضی کے مطابق تیار کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ زیادہ تر آئیٹمس ویجیٹرین رہیں گے کیونکہ مٹن کے آئیٹمس اور بطور خاص بریانی کی تیاری کی صورت میں کافی خرچ آسکتا ہے اور فوڈ کمیٹی اس قدر بھاری خرچ کو برداشت کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ مندوبین کی صحت کا خاص خیال رکھتے ہوئے طعام کا انتظام کریں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ پلینری کے مقام لال بہادر اسٹیڈیم پر کھانے کا انتظام نہ کیا جائے بلکہ نظام کالج میں پکوان اور کھانے کا انتظام رہے۔ مندوبین کے علاوہ وزراء، عوامی نمائندے اور خود چیف منسٹر بھی پلینری کے دوران نظام کالج پہنچ کر لنچ کریں گے۔ پلینری کے مندوبین پہلے لنچ کریں گے اور اس کے بعد لال بہادر اسٹیڈیم میں اجلاس میں شریک ہوں گے۔ طعام کے انتظامات کی ذمہ داری ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزیر سرینواس یادو اور رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی پر مشتمل کمیٹی کو دی گئی ہے۔ رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی حیدرآبادی ڈشیس کے انتظامات میں مہارت رکھتے ہیں اور پارٹی نے پکوان کیلئے کیٹرر کا بھی انتخاب کرلیا ہے۔