پولیس تحقیقات میں حقائق آشکار، ٹی آر ایس ارکان مقننہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ نلگنڈہ میں میونسپل چیر پرسن بی لکشمی کے شوہر بی سرینواس کے قتل میں کانگریس قائدین کومٹ ریڈی برادرس کے حامی ملوث ہیں۔ ٹی آر ایس کے ارکان مقننہ پی راجیشور ریڈی ، بھاسکر راؤ ، پربھاکر ریڈی اور پی رویندر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کومٹ ریڈی برادرس کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ سرینواس کے قتل میں ٹی آر ایس قائدین ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تحقیقات کے بعد حقائق منظر عام پر آچکے ہیں۔ پولیس نے واضح کردیا ہے کہ سرینواس کا قتل سیاسی مخاصمت کا نتیجہ نہیں ہے۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ تحقیقات میں وضاحت کے باوجود کانگریس قائدین الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نلگنڈہ سے حیدرآباد تک کومٹ ریڈی برادرس حکومت اور پارٹی پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ کانگریس قائدین کے بیانات پر نلگنڈہ کے عوام کو بھروسہ نہیں۔ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ سیاسی بقاء کیلئے اس طرح کی الزام تراشی کی جارہی ہے۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ سرینواس کے قتل کے فوری بعد ان کی بیوی لکشمی نے پولیس میں شکایت کی تھی کہ کانگریس سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہی یہ کارروائی کی ہے۔ تاہم چند گھنٹوں بعد کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے لکشمی پر دباؤ بناتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کرنے کیلئے مجبور کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ مقتول سرینواس نے کبھی ٹی آر ایس کی ہراسانی کا ذکر کیا ؟ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس کا مقتول سرینواس سے کوئی تنازعہ نہیں تھا ، لہذا قتل میں ملوث ہونے کا الزام بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپسی مخاصمت کے اس معاملہ میں ریاستی وزیر جگدیش ریڈی اور رکن اسمبلی ویریشم کو غیر ضروری طور پر گھسیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ٹی آر ایس ارکان مقننہ نے جانا ریڈی اور اتم کمار ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ حقائق جانے بغیر حکومت پر الزام تراشی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کومٹ ریڈی برادرس مجرمانہ سرگرمیوں کا پس منظر رکھتے ہیں لیکن دوسروں پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قتل کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے نلگنڈہ میں کانگریس قائدین فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اسی دوران ٹی آر ایس رکن اسمبلی دھرما ریڈی نے صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو ریاست کی ترقی کے مسئلہ پر کھلے مباحث کا چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی ریاست کی ترقی کے بارے میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 ء میں ٹی آر ایس دوبارہ برسر اقتدار آئے گی اور عوام کانگریس کو مسترد کردیں گے۔