دونوں پارٹیاں کے سی آر کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ، ٹی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی اور بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کی جانب سے ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ پر تنقیدوں کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی قائدین کی تنقیدوں کو کے سی آر کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا نتیجہ اور شکست کا خوف قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اور نریندر مودی اپنے مقام سے ہٹ کر نچلی سطح کی تنقید پر اتر آئے ہیں۔ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ تلنگانہ میں چندر شیکھر راؤ کی قیادت کو سیاسی طور پر شکست نہیں دی جاسکتی۔ لہذا اپنی شکست کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ کے سی آر کی قیادت میں گزشتہ 14 برسوں کی جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ عوام نے تلنگانہ کی تعمیر نو کیلئے ٹی آر ایس کو برسر اقتدار لانے کا تہیہ کرلیا ہے ۔ ہریش راؤ نے اس بات پر حیرت کااظہار کیا کہ راہول اور مودی جیسے قومی قائدین بھی کے سی آر کے خلاف نجی تنقیدوں پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ پر خاندانی سیاست کو فروغ دینے کا الزام بے بنیاد ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ان کے خاندان سے وابستہ افراد اچانک انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ہیں بلکہ وہ گزشتہ 14 برسوں تک تلنگانہ تحریک کا حصہ رہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ نریندر مودی اور پون کلیان کس بنیاد پر چندرا بابو نائیڈو کی تائید کر رہے ہیں جبکہ نائیڈو بھی خاندانی سیاست کو فروغ دینے کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پون کلیان اور نریندر مودی چندرا بابو نائیڈو کی خاندانی سیاست کی پالیسی کی تائید کیلئے ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی اور تلگو دیشم کو کے سی آر پر تنقید کرنے سے پہلے اپنا محاسبہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی خود خاندانی سیاست کی اہم مثال ہے لیکن اس کے قائدین ٹی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے یقین ظاہر کیا کہ ان الزامات کارائے دہندوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور عوام ٹی آر ایس کو تلنگانہ میں اقتدار سے نوازیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر پر تنقیدوں کے ذریعہ یہ قائدین اپنے مقام کو بلند کرنا چاہتے ہیں۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین اپنی بوکھلاہٹ کو کے سی آر پر تنقید کے ذریعہ ظاہر کر رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو ملنے والی غیر معمولی عوامی تائید سے تمام مخالف جماعتیں خوف زدہ ہیں۔