فلم اسٹار پون کلیان کا سرمنڈوادینے کا انتباہ، محمد علی شبیر کا پریس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد /21 مارچ (سیاست نیوز) پردیش کانگریس میڈیا کمیٹی کے صدر نشین محمد علی شبیر نے ٹی آر ایس کو پرائیویٹ فیملی لمیٹڈ پارٹی قرار دیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر ترجمان اے دیاکر اور رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی بھی موجود تھے۔ انھوں نے اپنے قول کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کے لئے قربانی دینے والوں کے ارکان خاندان یا پارٹی کے سینئر قائدین کو مسز گاندھی کی قیامگاہ تک لے جانے کی بجائے صرف اپنے ارکان خاندان کو لے کر گئے۔ انھوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں قربانی دینے والوں کے ارکان خاندان کو پہلے ٹکٹ دیا جاتا تو بہتر تھا، تاہم صدر ٹی آر ایس نے اپنی دختر کویتا کو نظام آباد لوک سبھا کا ٹکٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے پرائیویٹ لمیٹڈ پارٹی ہونے کی تصدیق کردی۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد سرکاری ملازمتوں کی تقسیم قانون کے دائرے میں ہوگی، تاہم سربراہ ٹی آر ایس اشتعال انگیز بیان جاری کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو تلنگانہ کے کانگریس قائدین خاموش نہیں رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو کے لئے تلوار کی نہیں قلم کی ضرورت ہے۔ انھوں نے فلم اسٹار پون کلیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر انھوں نے اپنی زبان پر کنٹرول نہیں کیا تو ان کے ساتھ پرتیلا روی جیسا برتاؤ کرتے ہوئے سرمنڈوانا پڑے گا۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی مستحکم ہے۔ اسی دوران اے دیاکر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کانگریس نے تشکیل دی ہے، مگر ٹی آر ایس اپنے سر سہرا باندھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پی سدھاکر ریڈی نے سربراہ ٹی آر ایس کو ’’کھلاڑی چندر شیکھر‘‘ قرار دیتے ہوئے الیکشن میں کلکشن کے لئے بلیک میل کرنے کا الزام عائد کیا۔