سیاسی مفاد کی تکمیل کے لیے کوشاں ، تلگو دیشم قائد ای دیاکر راؤ کا الزام
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ راشٹرا سمیتی عوام سے کئے گئے وعدوں پر قائم نہ رہنے والی سیاسی جماعت کا نام ہے اور ٹی آر ایس تحریک تلنگانہ کا استحصال کرتے ہوئے سیاسی مفاد کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے ۔ تلگو دیشم قائد مسٹر ای دیاکر راؤ نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مسٹر دیاکر راؤ نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو تلنگانہ کے لیے جان قربان کرنے والوں کے افراد خاندان کو ٹکٹ دینے کا چیالنج کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس اگر یہ اعلان کرتی ہے تو ایسی صورت میں تلگو دیشم بھی ان نشستوں سے دستبردار ہونے تیار ہے جہاں تلنگانہ کے لیے قربانی دینے والے نوجوانوں کے افراد خاندان امیدوار بنائے گئے ہیں ۔ تلگو دیشم قائد نے کے سی آر پر خاندانی سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹی آر ایس عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے خاندان کو فائدہ پہنچانے کی تاریخ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست تلنگانہ میں بھی تلگو دیشم پارٹی کا موقف مستحکم ہے اور تلگو دیشم پارٹی کانگریس اور ٹی آر ایس دونوں کو شکست دینے کے لیے تیار ہے ۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے ٹی آر ایس قائد مسٹر ہریش راو کی جانب سے کی گئی تلگو دیشم پر تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کی عوامی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ٹی آر ایس بے بنیاد بیانوں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست میں ترقی کے لیے تلگو دیشم پارٹی کی حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی نے ریاست تلنگانہ میں دلت چیف منسٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اور پارٹی کے اس فیصلہ کو تمام تلنگانہ قائدین کی منظوری حاصل ہے ۔ انہوں نے صدر ٹی آر ایس کی جانب سے سابق میں کئے گئے دلت چیف منسٹر کے اعلان کی یاد دہانی کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹی آر ایس نے تلنگانہ عوام سے وعدہ کیا تھا کہ تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر دلت ہوگا ۔ لیکن اب وہ اپنے وعدے سے منحرف ہوچکے ہیں اور خود چیف منسٹر بننے کا خواب د یکھ رہے ہیں ۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے کے سی آر کو دلت چیف منسٹر کے وعدے پر برقرار ر ہنے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹی آر ایس میں جرات ہے تو وہ دلت چیف منسٹر کے وعدے پر برقرار رہنے کا اعلان کرے ۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں اعلیٰ ذات وطبقات کی حکومت کے خلاف بھی تحریک تلنگانہ تھی اسی لیے اب تلنگانہ میں دلت چیف منسٹر ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی نے وعدہ کیا ہے تو پورا کرے گی اور دلت کو چیف منسٹر بنایا جائے گا ۔۔