ٹی آر ایس میں گروپ بندیاں عروج پر راما گنڈم کے مئیر اور ڈپٹی مئیر عہدہ سے محروم

راماگنڈم 2 اگسٹ ( این ایس ایس ) راما گنڈم کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو بھاری اکثریت سے کامیابی مل گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مئیر کے لکشمی نارائنا اور ڈپٹی مئیر شنکر اپنے عہدوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ رائے دہی میں 38 کارپوریٹرس نے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے خلاف ووٹ ڈالا ۔ اس سے ریاست میں ٹی آر ایس پارٹی میں گروپ بندیوں کی سیاست کھل کر سامنے آگئی ہے ۔ مقامی رکن اسمبلی سوما راجو ستیہ نارائنا مئیر اور ڈپٹی مئیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اٹل تھے اور اس سلسلہ میں انہوںنے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کے احکام کی بھی پرواہ نہیں کی ۔ اس کے علاوہ ستیہ نارائنا نے اعلان کیا کہ وہ سیاست سے مستقل کنارہ کشی اختیار کرلیں گے ۔ جمعرات کو ٹی آر ایس کے 28 کارپوریٹرس ‘ کانگریس کے آٹھ کارپوریٹرس اور بی جے پی کے ایک کارپوریٹر نے تحریک عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیا ۔ رائے دہی میں واضح ہوگیا کہ کانگریس کے کارپوریٹرس نے بھی پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کی ہے ۔ دوسری جانب ٹی آر ایس کے آٹھ کارپوریٹرس رائے دہی سے غیر حاضر رہے ۔