ٹی آر ایس میں شمولیت کیلئے 100 کروڑ کا لالچ: تلگودیشم

حیدرآباد ۔ /17 جون (سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ اسکام رونما ہونے کے بعد آئے دن کئی ڈرامائی انداز میں سیاسی سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں جس میں تازہ ترین واقعہ میں تلگودیشم پارٹی سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان اسمبلی نے تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو کے دفتر پہونچ کر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، ان کے فرزند کے ٹی راما راؤ اور مسٹر ہریش راؤ کے خلاف شکایت درج کروائی جس میں یہ الزام عائد کیا گیا کہ انہیں تلنگانہ راشٹریہ سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے کروڑہا روپئے کا پیاکیج کے ذریعہ راغب کیا جارہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ تلگودیشم ارکان اسمبلی مسٹر وویک اور راجیندر ریڈی نے آج رات ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو مسٹر اے کے خان سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ اور دو وزراء کے خلاف شکایت درج کروائی ہے جس میں یہ بتایا گیا کہ ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر نامزد عہدوں اور کارپوریشن کے چیرمین کے عہدے دیئے جائیں گے ۔ شکایت میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ ابراہیم پٹنم کے رکن اسمبلی جو تلگودیشم سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے فون پر مسلسل ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں اور وہ پارٹی میں شامل ہونے پر 100 کروڑ کا پیاکیج کا وعدہ کررہے ہیں۔
اس سلسلے میں تفصیلی تحقیقات کرنے کیلئے تلگودیشم ارکان اسمبلی نے اے سی بی سربراہ سے مطالبہ کیا ہے ۔