چیف منسٹرکے سی آر ملک میں مثالی، وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کا ریلی سے خطاب
حیدرآباد۔/5جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کانگریس اور تلگودیشم قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس میں شامل ہوتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی میں خود کو حصہ دار بنائیں۔ لکشما ریڈی آج میڑچل میں ٹی آر ایس کارکنوں کی بائیک ریالی کے بعد جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم قائدین کو تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ بننے کے بجائے خود کو حصہ دار بنانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں تلنگانہ جدوجہد میں 365 افراد نے جانوں کی قربانی دی اور 2001 سے شروع کردہ تلنگانہ تحریک میں 1200 افراد نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ کانگریس اور تلگودیشم کی پالیسیوں کے نتیجہ میں عوام کو قربانی دینی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے تلنگانہ تشکیل کی مخالفت کی تھی اور موقع پرستانہ سیاست کو اپنایا۔ انہوں نے کہاکہ عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور وہ تلگودیشم اور کانگریس کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1969 میں جب تلنگانہ تحریک کا آغاز ہوا اسوقت بھی تحریک کو کچلنے کی کوشش کی گئی تھی۔ آندھرائی قائدین نے دوبارہ 2001 سے 2014 تک تحریک کو ناکام بنانے کیلئے کام کیا۔ جو پارٹیاں تلنگانہ تحریک کی غدار ہیں انہیں تلنگانہ عوام سے ہمدردی کے اظہار کا کوئی حق نہیں، عوام ان پارٹیوں کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے کارکردگی اور اپنے کاموں کے ذریعہ نئی تاریخ رقم کی ہے اور ملک نے ایسا چیف منسٹر ابھی تک نہیں دیکھا جو ہمیشہ ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی کی فکر رکھتے ہیں۔ اس طرح کے چیف منسٹر کے ساتھ کام کرتے ہوئے کانگریس اور تلگودیشم قائدین اور کارکنوں کو ریاست کی ترقی میں حصہ دار بننا چاہیئے۔ انہوں نے 2019 میں کانگریس پارٹی کے برسر اقتدار آنے کے دعوؤں کو مسترد کردیا اور کہا کہ کانگریس محض ایک خواب دیکھ رہی ہے۔