چیف منسٹر پر آندھرائی گتہ داروں سے کروڑہا روپیوں کے کمیشن کے حصول کا الزام، صدر تلنگانہ پی سی سی
حیدرآباد ۔ 25 فبروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس کو لٹیروں کی جماعت چیف منسٹر کے سی آر کو اس کا سربراہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آندھرا کے کنٹراکٹرس سے کمیشن حاصل کرنے کیلئے کروڑہا روپئے کے کنٹراکٹ فراہم کرتے ہوئے سوٹ کلچر کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا۔ چیف منسٹر کو زبان سنبھال کر بات کرنے کا مشورہ دیا بصورت دیگر اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا انتباہ دیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر قائدین اپوزیشن کے جاناریڈی (اسمبلی)، محمد علی شبیر (کونسل)، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، سابق صدور پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ، پنالہ لکشمیا بھی موجود تھے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں۔ تاہم ہماری تہذیب و تمدن اس کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتی ورنہ کے سی آر کو ان کے ہی انداز میں ہم الفاظ لوٹانا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ جس لب و لہجہ میں بات کرتے ہیں اس طرح کی بات ملک کے کسی بھی ریاست کے چیف منسٹر نہیں کرتے۔ کانگریس قائدین کے خلاف چیف منسٹر کی استعمال کردہ زبان کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ذاتی مصارف سے منادر پر نذرانہ پیش کرنے پر کانگریس کے علاوہ کسی بھی جماعت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ہندوستان ایک جمہوری و سیکولر ملک ہے۔ اپنی ذاتی منت کی تکمیل پر سرکاری خزانے کو استعمال کرنے کا کسی بھی چیف منسٹر کو کوئی اختیار نہیں ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر 14 لاکھ طلبہ کی فیس ریمبرسمنٹ بقایاجات ادا نہیں کررہے ہیں اور نہ ہی کسانوں کے قرضوں کو معاف کیا گیا ہے لیکن خصوصی طیارے میں گھومتے پھرتے ہوئے سرکاری خزانے کو لٹایا جارہا ہے۔ انہوں نے زبان پر کنٹرول نہ کرنے پر چیف منسٹر کو سنگین نتائج کا انتباہ دیا۔ کروڑہا روپئے قرض حاصل کرنے کے باوجود ریاست میں ایک بھی نیا برقی یونٹ شروع نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں آندھرائی حکمرانوں اور کنٹراکٹرس پر تلنگانہ کو لوٹ لینے کا الزام عائد کیا گیا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بڑے پیمانے پر کمیشن حاصل کرنے کیلئے آندھرائی کنٹراکٹرس کو آبپاشی پراجکٹس کے کاموں کی ذمہ داری سونپتے ہوئے ریاست میں سوٹ کیس کلچر کو فروغ دینے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے فاضل بجٹ کے ساتھ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی تھی تاہم غلط فیصلوں اور کمیشن کی لالچ میں ریاست کو قرضوں میں مبتلاء کردینے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا۔