حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کی پرگی پولیس نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائد ہریشور ریڈی کے خلاف 8 مختلف دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ایف آئی آر جاری کیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع رنگاریڈی مسٹر ایم سرینواس نے بتایا کہ گزشتہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو پرچہ نامزدگی میں مبینہ طور پر غلط تفصیلات پیش کرنے پر مقامی کانگریس رکن اسمبلی رام موہن ریڈی نے الیکشن کمیشن سے اس سلسلہ میں شکایت درج کروائی تھی جس پر ابتدائی تحقیقات کی گئی اور بعدازاں وہاں کی مقامی عدالت کی ہدایت پر پرگی پولیس نے دفعہ 407 ، 409 ، 420 ، 404 ، 468 ، 469 ، 470 ، 471 اور 156 کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا۔ مسٹر سرینواس نے بتایا کہ اس کیس کی تحقیقات کی جائے گی اور عدالت کو اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔