ٹی آر ایس قائدین کے اثاثہ جات کی تحقیقات کا خیر مقدم

قائدین مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں گے ، کے سی آر ، ہریش راؤ اور وجئے شانتی کا علحدہ ردعمل
حیدرآباد۔/25اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ، رکن اسمبلی ہریش راؤ اور وجئے شانتی نے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے ان کے اثاثہ جات کی تحقیقات سے متعلق احکامات کا خیرمقدم کیا ہے۔ ان تینوں قائدین نے علحدہ علحدہ ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہیں۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ وہ سی بی آئی خصوصی عدالت کے احکامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اس طرح کے مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار کانگریس قائدین اس طرح کی سازش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سی بی آئی اس معاملہ کی تحقیقات کرتی ہے تو وہ اس کا خیرمقدم کریں گے۔ کے سی آر نے کہاکہ ان کی زندگی میں کبھی بھی بدعنوانیوں کیلئے کوئی مقام نہیں رہا اور انہوں نے انتہائی شفاف زندگی گذاری ہے۔ رکن اسمبلی ہریش راؤ نے بھی واضح کیا کہ وہ اپنی جائیدادوں کے مسئلہ پر کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل سی بی آئی تحقیقات کے نام پر کانگریس پارٹی ڈرامہ بازی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی دھمکیوں سے وہ خوفزدہ ہونے والے نہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس اور چندر شیکھر راؤ کی بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کانگریس اس طرح کے حربے استعمال کررہی ہے۔ چونکہ سیاسی طور پر کے سی آر کو شکست نہیں دی جاسکتی لہذا مقدمات کے ذریعہ ہراساں کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ہراساں کرنے کیلئے سی بی آئی کا استعمال کانگریس کی پرانی چال ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس کا برسر اقتدار آنا یقینی ہے اور ان سازشوں کا عوام کے فیصلہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، عوام اس طرح کی دھمکیوں اور سازشوں کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ ہریش راؤ نے وضاحت کی کہ تلنگانہ تحریک کے دوران انہوں نے کوئی بھی جائیدادیں حاصل نہیں کی ہیں اور کبھی بھی وہ بدعنوانیوں میں ملوث نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے پر چندرابابو نائیڈو اور کرن کمار ریڈی کے بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان قائدین کو تلنگانہ عوام سبق سکھائیں گے۔ ٹی آر ایس کی سابق لیڈر اور میدک اسمبلی حلقہ سے کانگریس کی امیدوار وجئے شانتی نے سی بی آئی خصوصی عدالت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج سے ہی تحقیقات کا آغاز کیا جائے تو وہ اس کے لئے تیار ہیں، تحقیقات کے ذریعہ ہی حقائق عوام تک پہنچائے جاسکتے ہیں۔ وجئے شانتی نے کہا کہ سیاسی زندگی میں انہوں نے کبھی کوئی غلطی نہیں کی۔ لہذا وہ سی بی آئی کے احکامات سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ وہ ہر طرح کی تحقیقات کا سامنا کریں گی۔