ٹی آر ایس قائدین پر الزام تراشی ، تلگودیشم کی منظم سازش : محمد شکیل عامر

حیدرآباد /3 اپریل ( سیاست نیوز ) رکن اسمبلی محمد شکیل عامر بودھن نے تلگودیشم ترجمان راجا رام یادو کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر راجا رام یادو یہ ثابت کریں کہ محترمہ کویتا رکن پارلیمنٹ کی سرپرستی میںہم لوگ مانجرا میں ریت مافیا چلا رہے ہیں تو میں سیاسی زندگی سے کنارہ کشی اختیار کرلوں گا ۔ مسٹر شکیل عامر نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم اقتدار کی ہوس میں ناکام ہوجانے کے بعد برسر اقتدار آئے قائدین پر الزام تراشی کرتے ہوئے ایک منظم سازش کے ذریعہ ٹی آر ایس قائدین بالخصوص رکن پارلیمنٹ نظام آباد اور شکیل عامر کی نیک نامی متاثر کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے تاہم اس سلسلہ میں قانونی مشیروں سے مشاورت جاری ہے اور راجا رام یادو کے خلاف عدالتی کارروائی کیلئے غور کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ محمد شکیل عامر ٹی آر ایس میں واحد مسلم رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں ۔ آئے دن انہیں کسی نہ کسی انداز میں اپوزیشن جماعتیں بدنام کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں ۔ شکیل عامر نے واضح انداز میں کہہ دیا کہ میری سیاسی زندگی آخری دم تک عوامی خدمت کیلئے وقف ہے ہم اپنی کارکردگی میں مصروف ہیں اور تلگودیشم سیاسی بے روزگاری کی وجہ آئے دن اس طرح کے الزام لگارہی ہے ۔ تاہم عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں ۔