چیف منسٹر، ریاستی وزراء ، عوامی نمائندوں کی ناگرجنا ساگر آمد ، وسیع انتظامات
حیدرآباد یکم مئی (سیاست نیوز)تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے عوامی نمائندوں کیلئے تین روزہ ٹریننگ کیمپ کا کل 2 مئی کو نلگنڈہ کے ناگر جنا ساگر میں آغاز ہوگا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو ‘ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے آج شام ناگر جناساگر پہنچ گئے جہاں کل صبح سے ٹریننگ کیمپ کا آغاز ہوگا ۔ ٹریننگ کیمپ کے سلسلہ میں وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر اور وزراء کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے پولیس کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ پارٹی نے برسر اقتدار آنے کے بعد عوامی نمائندوں کو حکمرانی سے واقف کرانے کیلئے ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ اڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا اس کیمپ کا آرگنائزر ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف شعبوں کے ماہرین مختلف موضوعات پر لیکچر دیں گے ۔ 10 شعبہ جات اور امور کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے بارے میں وزراء اور عوامی نمائندوں کو تربیت دی جائے گی ۔ ابتدائی دو دن وزراء کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے ارکان ٹریننگ کیمپ میں حصہ لیں گے جبکہ تیسرے دن ضلع پریشد کے صدور نشین ‘ میئرس اور مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو تلنگانہ میں بہتر حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریننگ کلاسس کے انعقاد میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کیمپ کے نتائج کو دیکھنے کے بعد مستقبل میں مزید اس طرح کے ٹریننگ کیمپ منعقد کئے جائیں گے ۔