ٹی آر ایس سے ہی تلنگانہ ریاست کی ہمہ جہت ترقی ممکن

تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی تشکیل کا دعویٰ ، ٹی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی پہلی حکومت تشکیل دے گی۔ رکن اسمبلی مسٹر ہریش راؤ نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی ہی نوتشکیل شدہ ریاست میں پہلی حکومت قائم کرتے ہوئے ریاست کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ کانگریس کو تلنگانہ عوام نے صرف اِس لئے مسترد کیا ہے کہ کانگریس نے سیاسی مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہزاروں نوجوانوں کی خودکشیوں پر سیاست کی ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہاکہ نوتشکیل شدہ ریاست کو ترقی دلانے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تلنگانہ عوام نے ٹی آر ایس کے حق میں اپنا فیصلہ دیا ہے اور اُنھیں یقین ہے کہ عوام کے اِس فیصلہ سے کانگریس سبق حاصل کرے گی۔ ٹی آر ایس قائد نے کہاکہ حکومت کی تشکیل کے کانگریس کی جانب سے کئے جانے والے دعوؤں کی حقیقت کا اندازہ خود دعویٰ کرنے والے قائدین کو ہے لیکن اپنے آخری ایام میں بھی وہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں ہیں تاکہ اِس کے سیاسی فوائد حاصل کئے جاسکیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ حصول تلنگانہ ٹی آر ایس کی تحریک کے علاوہ ملازمین، طلبہ، تاجرین، صنعتکار اور دیگر طبقات کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ کسی سیاسی جماعت نے آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ عوام پر کوئی احسان نہیں کیا ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی حکومت کے قیام کے بعد تمام طبقات کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے لئے اُنھیں مؤثر نمائندگی کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی بنیادی طور پر سیکولر خمیر کی حامل سیاسی جماعت ہے جوکہ مستقبل میں بھی سیکولر قوتوں کی حمایت کے ذریعہ فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے کی حتی الامکان کوشش کرے گی۔ مسٹر ہریش راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی پر کانگریس کی جانب سے عائد کئے جانے والے تمام الزامات بے بنیاد ہیں بلکہ کانگریس خوف و بوکھلاہٹ کے سبب ٹی آر ایس قائدین کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن عوام نے کانگریس کو اقتدار سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اُس کے بعد بھی اگر کانگریس کو اِس بات کا احساس نہیں ہوتا تو قائدین کو چاہئے کہ وہ اپنی اعلیٰ کمان کو اِس بات کا احساس دلوائیں کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس اس طرح کا مظاہرہ نہیں کرپائے گی جس طرح سیاسی فائدہ حاصل کرتے ہوئے مظاہرہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ مسٹر ہریش راؤ نے واضح کیاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قیام کا مقصد ابھی پائے تکمیل کو نہیں پہونچا کیونکہ ٹی آر ایس صرف ریاست تلنگانہ میں ہی نہیں بلکہ تلنگانہ میں عوام کے ساتھ سماجی انصاف کے ذریعہ ہر کسی کی ترقی کو یقینی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔