چیف منسٹر اے پی چندرا بابو پر تنقید ، وزیر ٹی سرینواس یادو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔20مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے تلگو دیشم کے خلاف اور وائی ایس آر کانگریس کے حق میں بالواسطہ انتخابی مہم شروع کی جا چکی ہے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین کی جانب سے تلگودیشم سربراہ و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو نشانہ بنایاجانے لگا ہے۔ ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرنیواس یادو نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس کو اقتدار یقینی ہے۔ مسٹر ٹی سرینواس یادونے دعوی کیا کہ لوک سبھا نشستوں میں وائی ایس آر کانگریس 20تا23 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور ریاستی اسمبلی نشستوں میں 120سے130 نشستوں پر وائی ایس آر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی۔ریاستی وزیر تلنگانہ نے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر نائیڈو عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں اور ریاست آندھراپردیش کا خزانہ خالی ہوچکا ہے لیکن وہ عوام کو گمراہ کرنے والی اسکیمات کو روشناس کروا رہے ہیں۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کی ترقی کیلئے تلگو دیشم پارٹی نے کچھ نہیں کیا اور نہ ہی کچھ کر سکتی ہے۔ انہو ںنے مسٹر نائیڈو پر بی سی طبقہ کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر نائیڈو نے ریاست آندھراپردیش کے عوام کے جذبات کا استحصال کیا ہے اور اب بھی وہ جذبات سے کھلواڑ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسٹر یادو نے ریاست آندھرا پردیش کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ تلگودیشم کے حق میں ووٹ کا استعمال نہ کریں اور ریاست کے بہتر مستقبل کیلئے وائی ایس آر کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنائیں ۔ تلنگانہ بھون میں منعقد ہونے والی اس پریس کانفرنس کے دوران وائی ایس جگن موہن ریڈی کی حمایت اور ان کی پارٹی کی کامیابی کے دعوؤں پر مختلف گوشوں نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ صورتحال واضح ہوتی جارہی ہے کہ ریاست آندھراپردیش کی سیاست میں تلنگانہ راشٹر سمیتی بالواسطہ دخل اندازی شروع کرچکی ہے۔