ٹی آر ایس سربراہ کے 14 سال قبل کئے گئے عہد کی تکمیل

تلنگانہ کی تشکیل پر چندر شیکھر راؤ نے نظام آباد ضلع کے موضع موتھے میں مٹی کی تھیلی کھولی

حیدرآباد۔/28مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے 14سال قبل تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے سلسلہ میں نظام آباد ویلپور منڈل کے موضع موتھے میں جو عہد کیا تھا اس کی تکمیل کے سلسلہ میں آج اس موضع کا دورہ کیا۔ چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ تحریک کے آغاز کے موقع پر اس موضع کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کی مٹی اٹھاکر محفوظ کرتے ہوئے قسم کھائی تھی کہ وہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ہی اس مٹی کی تھیلی کھولیں گے۔ انہوں نے آج پارٹی قائدین کے ہمراہ موضع کا دورہ کیا اور مقامی عوام سے ملاقات کی۔عوام نے چندر شیکھر راؤ کا شاندار استقبال کیا اور تلنگانہ تہذیب کے حصہ کے طور پر شامل بونال، بتکماں اور دیگر تہذیبی علامتوں کی جھانکیاں پیش کی۔ پجاریوں کے اشلوکوں کے درمیان کے سی آر شہ نشین پر پہنچے اور مٹی کی تھیلی کو کھولا۔ٹی آر ایس سربراہ کے اس عہد کے احترام میں موتھے موضع کے عوام نے مجالس مقامی کے انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کیا۔

کاماریڈی ڈیویژن کے ماچاریڈی منڈل کی عوام نے 14 ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی عہدوں پر ٹی آر ایس امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب کیا۔ 4مئی 2001ء کو کے سی آر نے اس موضع کا دورہ کرتے ہوئے علاقہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔ عوام کی کثیر تعداد کے درمیان کے سی آر نے کہا کہ انہوں نے تلنگانہ عوام کی عزت نفس کی برقراری کی جدوجہد کی تھی جس میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ یہ موضع ان کے دل میں ہمیشہ ہی بسا ہوا ہے اور تلنگانہ جدوجہد میں اس موضع سے طاقت حاصل کرکے انہوں نے تحریک کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی تلنگانہ تحریک کے دوران انہیں کسی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا وہ اس موضع کو یاد کرتے اور عوام سے کئے عہد کی تجدید کرتے ہوئے دوبارہ جدوجہد میں شامل ہوجاتے۔ انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ موضع میں امکنہ کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں گے اور تلنگانہ حکومت کے قیام کے بعد تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے اس موضع میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا بھی وعدہ کیا۔ کے سی آر نے علاقہ کو آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے گرین زون کے قیام کا بھی تیقن دیا۔ انہوں نے طلباء کیلئے انگریزی میڈیم کی مفت تعلیم کا انتظام کرنے اور 10ایکر پر تمام سہولتوں سے آراستہ اسکول کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر منڈل میں 5ایکر پر محیط اسکول قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کسانوں کیلئے ایک لاکھ روپئے تک کے قرض کی معافی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں میں تبدیل کیا جائے گا۔