وزیر اعظم کو خواتین کا مکتوب، پولیس کی جانب سے تردید
حیدرآباد۔/6جولائی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ حلقہ لوک سبھا پدا پلی بی سمن کی جانب سے دو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے سے متعلق تنازعہ آج اسوقت شدت اختیار کرگیا جب خواتین کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرنے کی خبریں میڈیا میں عام ہوگئیں۔ بی سمن جو تروپتی میں لارڈ وینکٹیشورا کے درشن کیلئے روانہ ہوئے ہیں اُن کے غیاب میں ٹی آر ایس قائدین اور منچریال سرکل انسپکٹر مہیش نے وضاحت کرتے ہوئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ تلنگانہ قائدین نے کہا کہ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے بی سمن کو منصوبہ بند انداز میں نشانہ بناتے ہوئے کردار کشی کی کوشش کی جارہی ہے۔ منچریال سے تعلق رکھنے والی دو خواتین سندھیا اور وجیتا نے فیس بک پر سمن کی اپنی شریک حیات اور بچہ کے ساتھ موجود تصویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اسے سوشیل میڈیا میں وائرل کردیا۔ بیوی کی جگہ ایک بہن کی تصویر کو جوڑ دیا گیا۔ قائدین کا کہنا ہے کہ سمن کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی جس پر سمن کے مددگار نے ان لڑکیوں کے خلاف منچریال پولیس اسٹیشن میں 27 جنوری 2018 کو شکایت درج کی جس پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ حالیہ عرصہ میں دونوں بہنوں نے میسیج کے ذریعہ بی سمن کو بلیک میل کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا۔ رکن پارلیمنٹ کے بنجارہ ہلز میں واقع اپارٹمنٹ پہنچ کر ہنگامہ آرائی کی گئی۔ جس پر بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ خواتین پر احترام کو ملحوظ رکھتے ہوئے بی سمن نے ان دونوں کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے میڈیا میں غلط تشہیر کی جارہی ہے۔ اسی دوران منچریال کے سرکل انسپکٹر ہریش نے بی سمن کے خلاف سوشیل میڈیا میں جاری مہم کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھیا اور وجیتا پر 6 فبروری 2018 کو مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان دونوں نے رکن پارلیمنٹ کو پھنسا کر انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی ہے۔ سرکل انسپکٹر نے کہا کہ فوٹو شاپ کے ذریعہ سمن اور ان کی شریک حیات کی تصویر کو تبدیل کردیا گیا۔ فی الوقت بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں بھی ان دونوں کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ سرکل انسپکٹر نے کہا کہ تازہ ہراسانی کی کوشش کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سوشیل میڈیا میں سمن کے خلاف دونوں خواتین کی الزام تراشی نے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کی ہے۔