حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) عادل آباد رکن لوک سبھا مسٹر جی ناگیش کی قیامگاہ پر کل شب سرقہ کی واردات پیش آئی۔ نامعلوم افرادنے مستقر عادل آباد کے شانتی نگر میں واقع مسٹر جی ناگیش کی قیامگاہ کی بالائی منزل کے دروازوں کی قفل شکنی کرتے ہوئے کمروں کی الماریوں کو توڑا اور اس میں موجود نقد رقم اور زیورات لیکر فرار ہوگئے۔ جبکہ عادل آباد رکن لوک سبھا دہلی میں ہیں۔ مسٹر جی ناگیش نے بتایا کہ نقد رقم 70 ہزار روپئے کے علاوہ زائد از پندرہ لاکھ روپیوں کے زیورات رکھے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ جملہ 16 لاکھ روپیوں کا سرقہ ہوا ہے۔پولیس نے بتایا کہ سرقہ کرنے سے قبل رکن راجیہ سبھا کی قیامگاہ میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کو نقصان پہنچایا گیاجس کی بنا فوری طور پر سارقین کی شناخت کرنا دشوار ہے۔ پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔