ٹی آر ایس رکن اسمبلی ستیہ نارائنا کی ناراضگی ختم

کے ٹی آر کا حکم ماننے تیار
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی (سیاست نیوز) پارٹی کے اندرونی حالات سے ناراض ہوکر سیاست سے سبکدوشی کا اعلان کرنے والے ٹی آر ایس رکن اسمبلی ایس ستیہ نارائنا کو آخر کار وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے منانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ کے ٹی آر سے ملاقات کے بعد ایس ستیہ نارائنا جو آر ٹی سی کے صدرنشین ہیں، کہا کہ وہ کے ٹی آر کے ہر حکم پر عمل کریں گے۔ انہیں پارٹی اور پارٹی قائدین سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ ستیہ نارائنا نے گزشتہ دو دن قبل دیئے گئے بیان سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے وضاحت کردی کہ وہ پارٹی کے استحکام کیلئے کے ٹی آر اے کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ کے ٹی آر نے انہیں ٹی آر ایس سے علحدگی اختیار کرنے کے فیصلہ سے دستبردار ہونے کی اپیل کی جس کے بعد ستیہ نارائنا نے کہا کہ وہ کے ٹی آر کے ہر حکم کی تعمیل کریں گے ۔ نکریکل اسمبلی حلقہ میں مختلف پارٹی قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی اور اس تقریب میں کے ٹی آر کے ساتھ ایس ستیہ نارائنا بھی شریک ہوئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کے ٹی آر کو ذمہ داری دی تھی کہ وہ ستیہ نارائنا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں سمجھائیں۔