ٹی آر ایس رکن اسمبلی جی کشور کا بحیثیت پارلیمنٹری سکریٹری حصول جائزہ

ذمہ داری کو پورا کرنے کا عزم ، چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ راشٹرا سمیتی رکن اسمبلی تنگا ترتی ( ضلع نلگنڈہ ) جی کشور نے آج سکریٹریٹ میں بحیثیت پارلیمنٹری سکریٹری اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کیا ۔ اس حصول جائزہ تقریب کے موقع پر وزیر فینانس مسٹر ای راجندر ، وزیر توانائی مسٹر جگدیش ریڈی ، وزیر صحت و طبابت ڈاکٹر لکشما ریڈی و دیگر ارکان اسمبلی و تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین کثیر تعداد میں شریک تھے ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کشور نے صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے انہیں اس اہم عہدے پر فائز کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی تنگا ترتی کے ساتھ مکمل انصاف کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ( کشور کو ) اعلی مقام حاصل ہونے کے لیے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہی ذمہدار ہیں کیوں کہ ابتداء ہی سے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ان کی بروقت مکمل ہمت افزائی کرتے رہے ۔ لہذا انہوں نے ( کے چندر شیکھر راؤ نے ) مجھ پر ( کشور پر ) جس اعتماد و بھروسہ کے ساتھ بحیثیت پارلیمنٹری سکریٹری کی ذمہ داری دی ہے اس کو کسی بھی شکایت کے بغیر پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ اور بتایا کہ سنہرے تلنگانہ کے لیے چیف منسٹر کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات میں وہ بھی برابر کے شریک رہیں گے ۔۔