ٹی آر ایس دھوکہ باز ‘ تلگودیشم کا فرقہ پرست ایجنڈہ : رضی الدین احمد

حیدرآباد /18 مارچ (سیاست نیوز) سکریٹری پردیش کانگریس رضی الدین احمد نے ٹی آر ایس کو دھوکہ باز اور تلگودیشم کو فرقہ پرستی کا ایجنڈا رکھنے والی جماعت قرار دیا اور کہا کہ علحدہ تلنگانہ تشکیل دینے والی کانگریس تلنگانہ کی تعمیر نو میں اہم رول ادا کریگی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس سیکولر جماعت ہے، جو اقلیتوں کے مفادات کا تحفظ کرتی ہے۔ اقلیتی بجٹ کو دس سال میں 36 کروڑ سے بڑھاکر 1027 کروڑ روپئے کردیا گیا ہے۔ کانگریس کی ذمہ داری ہیکہ وہ مسلمانوں سے انصاف کرے اور انتخابات میں ہر ضلع سے ایک مسلمان کو ٹکٹ فراہم کیا جائے۔ وہ صدر پی سی سی پنالہ لکشمیا سے ملاقات کرکے اقلیتوں کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔ انھوں نے ٹی آر ایس کو دھوکہ باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی کا سربراہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اپنی جماعت کو کانگریس میں ضم کرنے کے وعدہ پر برقرار نہ رہ سکے، وہ بھلا مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کس طرح فراہم کرسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ معمولی ووٹوں سے شکست کھانے والے سید ابراہیم کو ٹکٹ نہیں دیا اور ان کی شکست میں سرگرم سرینواس گوڑ کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔