ٹی آر ایس خاندانی کابینہ ‘ ایک فرد کی پارٹی : سی پی آئی

حیدرآباد 7 ستمبر ( پی ٹی آئی ) سینئر کمیونسٹ لیڈر ایس سدھاکر ریڈی نے تلنگانہ اسمبلی کی تحلیل کے فیصلے کی آج مذمت کی اور برسر اقتدار ٹی آر ایس کو خاندانی کابینہ اور ایک فرد واحد کی پارٹی قرار دیا ۔ سی پی آئی جنرل سکریٹری نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ قبل از وقت انتخابات سے ٹی آر ایس کو کوئی سیاسی فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ عموما جب کبھی کسی ریاستی حکومت نے قبل از وقت انتخابات کروائے ہیںاسے شکست ہوئی ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے پی ٹی آئی سے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کو خوف ہے کہ اگر وہ اپنی معیاد تک عہدہ پر برقرار رہیں تو ان کی حکومت کا پردہ فاش ہوجائیگا ۔ اسمبلی کی تحلیل کیلئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دینے پر انہوں نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ٹی آر ایس کانگریس سے خوفزدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو پانچ سال کیلئے اقتدار حاصل ہوا تھا لیکن اس نے آٹھ ماہ قبل ہی اسمبلی تحلیل کردی اور یہ عمل غیر جمہوری ہے ۔ اسمبلی کی تحلیل کے فوری بعد پارٹی نے اپنے امیدواروں کا بھی اعلان کردیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ایک فرد واحد کی پارٹی ہے ۔