بارش کے باعث شہر کی خراب حالت کے لیے کون ذمہ دار ہے
بی جے پی ترجمان کرشنا ساگر راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے ترجمان کرشنا ساگر راؤ نے آج الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت کی نا اہلی کی وجہ گذشتہ دو دن ہوئی شدید بارش کے باعث شہر کے کئی علاقے زیر آب ہوگئے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کا جواب دے کہ دونوں شہروں کی خراب صورتحال کے لیے کون ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے تعجب سے کہا کہ ٹی آر ایس حیدرآباد کے ایک عالمی شہر ہونے کا دعوی کرسکتی ہے جب کہ اس شہر میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ کرشنا ساگر راؤ نے کہا کہ وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راما راؤ نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی کے بعد حیدرآباد کی سڑکوں کی مرمت ، ڈرینس کو بہتر بنانے کے علاوہ شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور اس میں بہتری کے لیے 100 دن کے ایک پلان کا اعلان کیا تھا لیکن ان وعدوں کو ابھی پورا کیا جانا ہے ۔ کرشنا ساگر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے ثابت ہوگیا کہ یہ ایک ’’ خالی وعدوں ‘‘ کی حکومت ہے اور حکومت کے دو سال بعد بھی بہتر خدمات فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہے ۔۔