ٹی آر ایس حکومت ہر محاذ پر ناکام : مری ششی دھر ریڈی

حلقہ اسمبلی صنعت نگر میں مہا کوٹمی امیدوار کے وینکٹیش گوڑ کو کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد ۔ /5 ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس حکومت ہر محاذ میں ناکام ہوگئی ہے اور اس ناکام حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں بنتا ۔ عوام کو چاہئیے کہ وہ اس دھوکہ باز اور وعدہ خلاف حکومت کو سبق سکھائیں ۔ ان خیالات کا اظہار سینئر کانگریسی قائد مسٹر ششی دھر ریڈی نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں صنعت نگر حلقہ میں مہاکوٹمی سے تلگودیشم امیدوار کوٹا وینکٹیش گوڑ کے حق میں مہم چلائی ۔ انتخابی مہم کے آخری دن انہوں نے کانگریس اور تلگودیشم کے اتحاد سے صنعت نگر عوام کو زبردست پیغام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار نہیں دیا اور نہ ہی مسلمانوں کو اپنے وعدے کے مطابق تحفظات دیئے ۔ انہوں نے صنعت نگر حلقہ کی پسماندگی پر افسوس سے ظاہر کیا اور کہا کہ صنعت نگر حلقہ کو ٹی آر ایس امیدوار نے پسماندگی میں جھونک دیا اور نہ ہی حلقہ کی ترقی کے اقدامات کو انجام دیا اور نہ عوام کی بھلائی اور خوشحالی کے لئے کوئی اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعت نگر حلقہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مہاکوٹمی کو اقتدار ضروری ہے ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ جس طرح انتخابی مہم اور انتخابات میں ایک ساتھ متحدہ طور پر مقابلہ کیا جارہا ہے حکومت بھی اس طرح تشکیل دی جائے گی اور اس کے بعد اہم ترین اقدامات ترقی اور خوشحالی کے کام بھی ایک ساتھ انجام دیئے جائیں گے ۔