چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی مبارکباد ، کم مدت میں بہترین کام کا ریکارڈ
حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے ٹی آر ایس حکومت کے چھ ماہ کی تکمیل کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چھ ماہ کے مختصر عرصہ میں حکومت نے کئی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا آغاز اور ان پر عمل آوری کی تاریخ بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کا عرصہ کسی بھی حکومت کیلئے کارکردگی کی کسوٹی نہیں ہوسکتی لیکن نئی ریاست کے قیام کے باوجود چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت نے کئی انقلابی اقدامات کے ذریعہ ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے مثال قائم کی ہے۔ جناب محمود علی نے کہا کہ کوئی بھی حکومت اس قدر کم مہلت میں ترقیاتی و فلاحی اقدامات کا ریکارڈ پیش نہیں کرسکتی۔ کے سی آر نے انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے اور کئی اہم عہدوں پر عمل آوری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے چھ ماہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی ترقی کے سنہرے دور کا آغاز ثابت ہوا ہے۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں اقلیتوں کی ترقی کیلئے 1030کروڑ روپئے مختص نہیں کئے گئے لیکن چندر شیکھر راؤ نے اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے بجٹ میں یہ رقم مختص کی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی اور بھلائی کے سلسلہ میں چندر شیکھر راؤ کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے انتخابی وعدہ کے بغیر غریب مسلم لڑکیوں کی شادی پر امداد سے متعلق ’شادی مبارک‘ اسکیم کا آغاز کیا جس کے تحت شادی سے قبل 51ہزار روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اس اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں کئی شبہات کا اظہار کیا لیکن حکومت اسکیم پر کامیابی سے عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جاریہ مالیاتی سال 20ہزار غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد کا نشانہ مقرر کیا ہے اور اسکیم سے استفادہ کیلئے شرائط میں نرمی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی طلبہ کیلئے اسکالر شپ اور فیس باز ادائیگی اسکیمات کو نہ صرف جاری رکھا گیا بلکہ بجٹ میں زائد رقم مختص کی گئی۔ جناب محمود علی نے کہا کہ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ سبسیڈی کی فراہمی کے علاوہ مسابقتی امتحانات میں اقلیتی طلبہ کیلئے ٹریننگ کی فراہمی جیسی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حج کمیٹی کے بجٹ میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ تلنگانہ کے عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ حکومت مکہ مکرمہ میں واقع نظام رباط میں تلنگانہ کے عازمین حج کے قیام کیلئے تنازعہ کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ فریقین سے مذاکرات کے بعد رباط کے مسئلہ کی یکسوئی کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کی ترقی اور اردو زبان کے فروغ کے علاوہ اردو مدارس میں اساتذہ کی کمی کو دورکیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ سرکاری ملازمتوں میں تقررات کے وقت مسلمانوں کو تحفظات پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عیدین کے موقع پر دو دن کی تعطیل کا اعلان اور اردو میڈیم طلبہ کیلئے تلگو زبان میں کامیابی کے نشانات 20 بحال رکھنا حکومت کی اقلیت دوستی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5برسوں میں اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے واضح نتائج برآمد ہوں گے۔