ٹی آر ایس حکومت کے صرف وعدے عمل ندارد

اقلیتوں کی بہبود کے معاملہ میں غیر سنجیدہ : محمد علی شبیر
حیدرآباد۔/30مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت وعدوں کے معاملہ میں سب سے آگے اور کارکردگی کے معاملہ میں صفر ہے۔ کونسل میں تصرف بل 2016-17 پر بیان دیتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی بجٹ مباحث کے دوران دی گئی تجاویز کو قبول نہ کرنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو سال کی طرح 1.30لاکھ کروڑ کا بجٹ غیر سود مند ثابت ہوگا۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو ایک لاکھ کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش کرنے کا جنون سوار ہوگیاہے۔ حالانکہ اسے پتہ ہے کہ ایسا کرنا غیر حقیقت پسندانہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مختلف اسکیمات جیسے ڈبل بیڈ روم مکانات، مشن بھگیرتا اور برقی پراجکٹس کے تعلق سے پیش کردہ تجاویز غیر واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کی بہبود کے معاملہ میں بھی سنجیدہ نہیں ہے۔ اقلیتی بہبود کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ 2015-16میں 1100کروڑ روپئے مختص کئے گئے لیکن 610کروڑ روپئے کی رقم بھی جاری کی گئی اور اس میں صرف 410کروڑ روپئے صرف کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں حکومت مختلف محکمہ جات کیلئے خطیر رقم مختص کرنے کا اعلان کررہی ہے لیکن عملی طور پر یہ رقومات منظور نہیں کی جارہی ہے یہاں تک کہ کم رقمی منظوری کو پوری طرح خرچ بھی نہیں کیا جارہا ہے ۔ جناب محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت کو صرف زبانی وعدوں کی بجائے عملی اقدامات پر توجہ دینی چاہئیے ۔ حکومت نے کئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے لیکن ان پر عمل آوری کے بارے میں اندیشے پائے جاتے ہیں ۔