حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( آئی این این ) : بھارتیہ جنتا پارٹی نے 15 مئی کو جی ایچ ایم سی پر دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ بی جے پی نے الزام لگایا کہ حکومت کی جانب سے سوچھ حیدرآباد مہم میں شہر کے ارکان اسمبلی کو نظر انداز کیا جارہا ہے حکومت کے رویہ کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ صدر بی جے پی تلنگانہ یونٹ مسٹر جی کشن ریڈی نے ریاستی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ شہر کے ارکان اسمبلی کو مکمل طور پر نظر انداز کررہی ہے ۔ گیارہ مہینوں کی حکومت کے دور اقتدار میں حکومت نے اپنے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں لائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی محض اپنے سیاسی ساکھ میں اضافہ کے لیے اس طرح کا رویہ اختیار کر رکھی ہے ۔ بی جے پی نے تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کے رویہ کے خلاف ریاستی گورنر ای ایس این ایل نرسمہن سے ملاقات کر کے ایک یادداشت پیش کیا ۔ جس میں بی جے پی نے بتایا کہ حسین ساگر کی صفائی کے نام پر اندرا پارک میں گہری کھدوائی کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ این ٹی آر اسٹیڈیم میں فوڈ کورٹس آڈیٹوریم بھی بنانے کی تجویز رکھتی ہے ۔ یہی نہیں بلکہ سکریٹریٹ کو بھی منتقل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ بی جے پی نے گورنر سے خواہش کی کہ وہ خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے ان امور کا جائزہ لیں اور دریافت کریں کہ حالیہ دنوں میں حکومت کی جانب سے منعقد شدنی سوچھ حیدرآباد میں بھی حیدرآباد کے ارکان اسمبلی کو کیوں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔۔