مزید عوامی مسائل پر مباحث کے لیے دیگر جماعتوں سے تال میل ، ملوبٹی وکرامارک
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا پارٹی میں سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ عوامی مسائل کو اسمبلی میں موضوع بحث بنانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تال میل پیدا کی جائے گی ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر مباحث کرنے کے لیے تیار رہنے کا چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی میں اعلان کیا تاہم دوسرے دن بغیر کسی کارروائی کے ایوان کی کارروائی کو 5اکٹوبر تک ملتوی کردیا ۔ حکومت کسانوں کے مسائل کو نظر انداز کررہی ہے اور اپوزیشن جماعتوں پر مگرمچھ کے آنسو بہانے کا الزام عائد کررہی ہے ۔ ہر دن مسائل کے بوجھ کو برداشت نہ کرتے ہوئے کسان خود کشی کررہے ہیں ۔ تاہم حکومت خود کشی کرنے والے کسانوں کی تعداد گھٹاتے ہوئے ان کے ارکان خاندان کی توہین کررہی ہے ۔ کانگریس پارٹی ٹی آر ایس حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے مسئلہ پر پارٹی میں سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عددی طاقت کا اسمبلی میں بیجا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت جمہوری اقدار کو پامال کررہی ہے ۔ ایوانوں میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خود کشی کو روکنے کا ایک ہی راستہ ہے ۔ حکومت کسانوں کے قرضہ جات یکمشت میں ادا کردیں اور بینکوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے کسانوں کو نئے قرضے جاری کئے جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یکمشت قرضوں کی ادائیگی حکومت کو راضی کرانے تمام کوششیں کی جائیں گی ۔ کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کو اسمبلی میں موضوع بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ مگر اس کا حل برآمد کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ نہیں ہے ۔ اپنی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔۔