صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار کی الزام تراشی افسوسناک، کے پربھاکر ٹی آر ایس ایم ایل سی
حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ اتم کمار ریڈی پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے نہیں بلکہ جھوٹوں کے سردار کی طرح بات کررہے ہیں اور حکومت پر الزام تراشی ان کا شیوہ بن چکی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت کے بارے میں اتم کمار ریڈی کی الزام تراشی افسوسناک ہے اور ان کے الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں جو بھی ترقیاتی اور فلاحی کام انجام پارہے ہیں انہیں دیکھ کر بھی کانگریس قائدین اَن دیکھی کررہے ہیں۔ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ حکومت کس طرح ان کی بھلائی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس قائدین سیاسی مقصد براری اور اقتدار کے لالچ میں اندھے ہوچکے ہیں اور انہیں صرف حکومت پر تنقید اور آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے سوا کچھ نہیں چاہیئے۔ الزامات عائد کرنے کے معاملہ میں بھی وہ حقائق جانتے ہوئے بھی گمراہ کن بیانات جاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین میں خود کوئی اتحاد نہیں اور ہر قائد کا بیان الگ الگ انداز کا ہے۔ کانگریس کے رکن اسمبلی ڈی کے ارونا کی جانب سے چیف منسٹر پر کی گئی تنقید پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ ڈی کے ارونا چیف منسٹر پر تنقید سے قبل خود اپنا محاسبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں گرتی ساکھ کو بچانے کیلئے کانگریس قائدین آخری کوششیں کررہے ہیں لیکن انہیں عوام کی تائید حاصل نہیں ہوگی۔