حیدرآباد۔/8اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے عوامی مسائل پر کسی قسم کا سمجھوتہ کئے بغیر اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کی تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کو ہدایت دی۔مسٹر این چندرا بابو نائیڈو آج یہاں تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے دیہی و منڈل اور ضلع سطح کے قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنسنگ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں عوام مختلف مسائل سے دوچار ہیں اور ان مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے جس کے نتیجہ میں عوام کافی مشکلات و مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ لہذا ان مشکل حالات میں عوام کی مدد کرنے اور ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو جو درحقیقت عوامی مسائل کو حل کرنے میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی حکومت کی ناکامیوں کے تعلق سے عوام کو حقائق سے واقف کروانے کیلئے 10اکٹوبر سے ریاست تلنگانہ کے دس اضلاع میں تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے ارکان اسمبلی وغیرہ کی جانب سے منظم کی جانے والی بس یاترا کے پروگرام کو کامیاب بنانے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے قائدین کو متحرک کرنے کے مقصد سے آج ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعہ تلگودیشم ارکان اسمبلی تلنگانہ کی بس یاترا کو کامیاب بنانے کی ضرورت پر زور دیا، اور ہدایت دی کہ وہ تلنگانہ حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے روبرو واضح کریں۔ بالخصوص برقی کے مسئلہ سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی کو پیش کریں اور عوامی تائید حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کریں۔