ٹی آر ایس حکومت کی مسلم کوٹہ پالیسی ووٹ بینک کی سیاست : بی جے پی

حیدرآباد /20 جنوری ( سیاست نیوز ) ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے مسلمانوں کو تحفظات فراہم کئے جانے کی تجویز کی شدید مخالفت کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ حکومت کا یہ اقدام ووٹ بنک کی سیاست ہے ۔ ریاستی بی جے پی صدر کے لکشمن نے یہ الزام عائد کیا کہ مسلمانوں میں موجود پسماندہ طبقات کیلئے 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے بل پیش کرنے کا فیصلہ سراسر مسلمانوں کو خوش کرنے کی کوشش ہے ۔ دو روزہ قومی عاملہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لکشمن نے کہا کہ بی جے پی اس اقدام کی شدید مخالفت کرے گی ۔ بھدراچیلم میں منعقدہ بی جے پی کی دو روزہ قومی عاملہ کانفرنس میں پارٹی کے اہم قائدین نے شرکت کی ۔ بی جے پی مذہب کی بنیاد پر کوٹہ دینے کی مخالفت کرے گی ۔ دستور کے خلاف کوئی بھی قدم اٹھنے نہیں دیا جائے گا ۔ ٹی آر ایس حکومت نے حالیہ اسمبلی سیشن کے دوران اعلان کیا ہے کہ وہ بجٹ سیشن میں ایک بل لائے گی اور اس بل کے ذریعہ مسلمانوں میں موجود پسماندہ طبقات کو تحفظات فراہم کئے جائیں گے ۔ بی جے پی کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر چندر ا شیکھر راؤ نے کہا کہ مجوزہ کوٹہ مذہبی بنیادوں پر نہیں دیا جارہا ہے بلکہ یہ پسماندگی کی بنیاد پر دیا جارہا ہے ۔ اس کانفرنس سے مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے بھی مخاطب کیا اور مودی حکومت کی نوٹ بندی پالیسی کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے عوام پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہئے ۔