ٹی آر ایس حکومت کو مخالف لہر کا اندازہ ہوگیا ، کانگریس کا ردعمل

مٹم پلی (حضور نگر)۔ 27 اپریل (آئی این این)تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ورنگل میں ٹی آر ایس کے جلسہ عام کے انعقاد سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ چندر شیکھر راؤ کو مخالف عوامی لہر کا اندازہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال تک مایوس کن کارکردگی اورغیرتکمیل شدہ وعدوں کے بوجھ تلے کے سی آر کو عوام میں بڑھتی ناراضگی کا اندازہ ہوچکا ہے، لہذا انہوں نے پھر ایک بار جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اس مخالف لہر کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس کی فنڈس اکٹھا کرنے کیلئے ’’گلابی قلی‘‘ مہم پر بھی تنقید کی اور ٹی آر ایس کو ’’ڈرامہ کمپنی‘‘ سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کے ٹی آر آئسکریم فروخت کرتے ہوئے 7 لاکھ روپئے اکٹھا کرسکتے ہیں تو پھر انہیں مرچ ، ہلدی اور پیاز بھی فروخت کرنا چاہئے تاکہ کسانوں کی مدد ہوسکے جو پیداوار پر خاطر خواہ معاوضہ نہ ملنے سے پریشان ہیں۔