ٹی آر ایس حکومت کو زوال پذیر کرنے کی دھمکی سے چندرا بابو کی بوکھلاہٹ آشکار

حیدرآباد۔/11جون، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع تملا ناگیشور راؤ نے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو مشورہ دیا کہ وہ دونوں تلگو ریاستوں کے وقار کو گھٹانے کی کوشش نہ کریں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں تلگودیشم رکن اسمبلی کی گرفتاری اور چندرا بابو نائیڈو کے رول کے انکشاف کے بعد آندھرا پردیش حکومت اسے دونوں ریاستوں کے درمیان تنازعہ کے طور پر پیش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ خالص بدعنوانیوں اور کرپشن کا ہے اس سے دونوں ریاستوں کے عوام کا کوئی تعلق نہیں۔ چندرا بابو نائیڈو خود کو بچانے کیلئے آندھرا پردیش کے عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں دی گئی مراعات اور سیکشن 8 کا سہارا لے کر اس مسئلہ پر سیاست کررہے ہیں۔ وزیر عمارات و شوارع نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اس معاملہ میں بری طرح پھنس چکے ہیں اور ٹی آر ایس رکن اسمبلی سے فون پر کی گئی بات چیت کا آڈیو ٹیپ منظر عام پر آچکا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے آج تک اس بات کی تردید نہیں کی کہ آڈیو ٹیپ میں ان کی آواز ہے۔ برخلاف اس کے وہ تلنگانہ حکومت پر ان کا ٹیلی فون ٹیاپ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بین ریاستی تنازعہ کے طور پر پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے چندرا بابو نائیڈو کی شکایت مضحکہ خیز ہے کیونکہ آڈیو ٹیپ منظر عام پر آنے کے بعد انہیں ٹیلی فون ٹیاپنگ کا خیال آیا۔ اس طرح چندرا بابونائیڈو اقرار کررہے ہیں کہ آڈیو ٹیپ میں ان کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو جس انداز میں نئی دہلی میں سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں اس سے ملک بھر میں دونوں تلگوریاستوں کا وقار مجروح ہورہا ہے۔ انہیں چاہیئے کہ اس طرح کی حرکتوں سے باز رہیں جس سے دونوں تلگو ریاستوں کی بدنامی ہوگی۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کے اس بیان پر برہمی کا اظہار کیا کہ ان کی گرفتاری کی صورت میں ٹی آر ایس حکومت زوال پذیر ہوجائے گی۔ ناگیشورراؤ نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر نائیڈو اس طرح کا بیان دے رہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت عوام کی منتخبہ ہے اور چندرا بابو نائیڈو کو تلنگانہ حکومت کی بیدخلی کا کوئی دستوری حق حاصل نہیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ نائیڈو کو اسکام میں اپنا رول تسلیم کرتے ہوئے عہدہ سے مستعفی ہوجانا چاہیئے یہی ان کے لئے مناسب رہے گا۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے چندرا بابو نائیڈو کے ٹیلی فون ٹیاپ کرنے کے الزامات کو مسترد کردیا۔ وزیر عمارات و شوارع نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عوام چندرا بابو نائیڈو کی سازشوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں اور وہ ان کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت چندرا بابو نائیڈو کی شکایات پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے کیونکہ ریاست سے متعلق مسئلہ کو غیر ضروری طور پر مرکز تک لیجانے کی کوشش کی جارہی ہے۔