حیدرآباد 21 اپریل ( سیاست نیوز ) یہ الزام عائد کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت اپوزیشن جماعتوں کی آواز کو کچل رہی ہے اور جمہوریت کا مذاق بنایا جا رہا ہے ڈپٹی سی ایل پی لیڈر ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ انہوں نے کبھی اپنے کیرئیر میں ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ ہوتی نہیں دیکھی تھی ۔ حکومت ایوان میں عوامی مسائل پر مباحث کی اجازت نہ دیتے ہوئے جمہوریت کا قتل کر رہی ہے ۔ جیون ریڈی نے میڈیا سے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اسمبلی کی کارروائی کا ویڈیو فوٹیج فراہم نہ کرتے ہوئے ہائیکورٹ احکام کی تعمیل نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دو نوں ارکان اسمبلی کی بحالی کے عدالتی احکام کی تعمیل بھی نہیں کر رہی ہے اور یہ توہین عدالت کے مترادف ہے ۔