ٹی آر ایس حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام

13 اگست کو سی پی آئی کا احتجاجی دھرنا ، چاڈا وینکٹ ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔6اگست(سیاست نیوز) سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ جنرل سکریٹری مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ آسام میں جاری این آر سی بحران‘ بہار کے مظفر پور کے یتیم خانہ میں معصوم لڑکیوں کی عصمت سے کھلواڑ ‘روزہ مرہ استعمال ہونے والی اشیائے ضروریہ کی قیمتو ں میںاضافہ کی شدید مذمت پر مشتمل قراردادیں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی قومی عاملہ کے اجلاس میںپیش کی گئی ہیں۔ انہوں نے آج یہاں سی پی آئی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ 4اور5اگست کو نئی دہلی کے سی پی آئی قومی عاملہ اجلاس میںآسام کے این آر سی بحران کی شدید مذمت کرتے ہوئے مرکزی اورریاست آسام کی حکومت کے اس اقدام کو پولرائزیشن کی سیاست کاحصہ قراردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ چالیس لاکھ لوگوں کی شہریت کو سنگین خطرہ لاحق ہے اور مرکزی حکومت کے بشمول آسام کی ریاستی حکومت اس حساس مسئلے پر غیر سنجیدہ دیکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پی آئی قومی عاملہ کے اجلاس میںحکومت ہند سے مطالبہ کیاگیا ہے وہ اس ضمن میںکل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں سے آسام این آر سی بحران پر رائے حاصل کرے۔انہوں نے کہاکہ این ڈی اے کی زیرقیادت ریاست بہار کے ضلع مظفر نگر میںریاستی حکومت کی نگرانی میںچلائے جارہے یتیم خانے کی معصوم اور نابالغ لڑکیوں کی اجتماعی عصمت ریزی کے واقعہ نے ملک کو شرمسار کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ قومی عاملہ کے اجلاس میں بہار حکومت سے مطالبہ کیاگیا ہے وہ اس معاملے میںملوث تمام خاطیوںکو کیفرکردار تک پہونچائیں ۔ عاملہ کے اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی پر بڑھتی قیمتوں کی وجہہ سے عام لوگوں پر پڑھنے والے معاشی بوجھ کے متعلق بھی غور وفکر کیا گیا ہے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو بار بار دہلی کادورہ کر کے وزیراعظم کو تہنیت پیش کرنے میںکسی قسم کی کوتاہی نہیںبرت رہے ہیںمگر اے پی تنظیم جدید بل2014میں جو مراعات تلنگانہ کو فراہم کرنے کا اعلان کیاگیاتھا اس کو روبعمل لانے سے چیف منسٹر کے سی آر قاصر دیکھائی دے رہے ہیں۔بیارم اسٹیل فیکٹر ی کاقیام ہو یا پھر پولاورم پراجکٹ کو قومی موقف دلانے کی بات ہو کے سی آر کی مرکز سے نمائندگی تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2014کے عام انتخابات سے قبل تلنگانہ کی عوام سے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے وعدے کئے تھے چارسالوں میںان وعدوں کو بھی پورا کرنے میں ٹی آر ایس حکومت ناکام رہی ہے۔ تلنگانہ حکومت کی ناکامیوں کے خلاف ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر13اگست کو سی پی آئی کی جانب سے احتجاجی دھرنے منعقد کئے جائیں گے۔ ڈبل بیڈروم مکانات کی اجرائی میںتاخیر کے خلاف اسی روز پرگتی بھون کا گھیرائو بھی کیاجائے گا۔