ٹی آر ایس حکومت وعدوں پر عمل آوری میں ناکام

100 دن میں کوئی جامع منصوبہ سازی نہیں ، چیف منسٹر کو کشن ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( پی ٹی آئی ) : بی جے پی نے ٹی آر ایس حکومت کی سو دن کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اس دوران کوئی تعمیری اقدامات روبہ عمل نہیں لائے جب کہ حکومت وعدے کرنے میں پیش پیش رہی ہے اور عمل آوری نہیں کی گئی ۔ صدر بی جے پی تلنگانہ جی کشن ریڈی ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو موسومہ ایک مکتوب میں کہا کہ سو دن کسی حکومت کو اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کم ہوتے ہیں تاہم اس مدت میں جامع منصوبہ سازی تو کی جاسکتی ہے تاکہ عوام تک ایک مثبت پیغام پہنچے ۔ جب کہ عوام نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے لیے حکومت سے کئی ایک امیدیں وابستہ کر رکھی ہے تاہم یہ امر افسوسناک ہے کہ ٹی آر ایس حکومت اپنے وعدوں کو عملی جامعہ پہنانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ موجود رہنے کے باوجود ریاستی حکومت کسانوں کے قرض معافی وعدے کو پورا نہیں کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس نے کسانوں کو آٹھ گھنٹے برقی سربراہی کا وعدے میں بھی ناکام ثابت ہوئی جب کہ احتجاج کرنے والے کسانوں کو لاٹھی چارج کا نشانہ بنایا گیا ۔ بی جے پی قائد نے چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ دو سو سے زائد کسانوں کی خود کشی پر آیا آپ کو درد ہوتا ہے ؟ چیف منسٹر کو موسومہ مکتوب میں دیگر موضوعات پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔۔