شمس آباد ۔ 17 جون ( سیاست نیوز) پی شیکھر گوڑ راشٹریہ کرانتی سماج وادی پارٹی تلنگانہ صدر نے اپنے ایک بیان میں ٹی آر ایس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت صرف زبانی اعلانات کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہی ہے اور خاص کر مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کررہی ہے ۔ رمضان میں ریاست بھر میں رمضان کٹس تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا لیکن کئی مقامات پر عوام رمضان گفٹ پیاکٹس سے محروم رہے ۔ شہر حیدرآباد کے بالکل قریب واقع شمس آباد میں آج تک ایک بھی رمضان گفٹ پیاک تقسیم نہیں کیا گیا جبکہ شمس آباد میں ٹی آر ایس قائدین خاص کر اقلیتی قائدین موجود ہیں ۔ اقلیتی قائدین نے بھی اس سلسلہ میں کوئی کارروائی نہیں کی ۔ ٹی آر ایس قائدین صرف اپنے ذاتی مفاد کیلئے کام کررہے ہیں انہیں عوام کی تکلیف اور خوشیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ کے سی آر نے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات دینے کا اعلان کیا لیکن اس پر کوئی عمل نہیں کیا جارہا ہے ۔ مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا جارہا ہے اور رمضان گفٹ پیاک و دیگر اسکیمات کے نام پر 12فیصد تحفظات سے دور کیا جارہا ہے ۔مسلمان بھائیوں کو گفٹ پیاکس و دیگر اشیاء دینے کے بجائے تحفظات فراہم کئے جائیں تو بہتر ہوگا اور ہر مسلمان کے گھر ایک ملازمت ہوگی اورغربت و بیروزگاری دور ہوگی ۔