ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف رسانی میں ناکام

تلنگانہ کی یوم تاسیس پر مبارکباد ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ کی تیسری یوم تاسیس پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ گاندھی بھون کے احاطے میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر سابق صدور پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ ، پنالہ لکشمیا سابق ریاستی وزیر ڈی ناگیندر صدر تلنگانہ سیوا دل جناردھن ریڈی صدر تلنگانہ مہیلا کانگریس این شاردا جنرل سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید عظمت اللہ حسینی ، بلوکشن کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ 60 سالہ تلنگانہ تحریک اور نوجوانوں و طلبہ کی قربانیوں سے صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی بے حد متاثر تھی ۔ آندھرا پردیش قائدین کی شدت سے مخالفت اور پڑوسی ریاست میں کانگریس کو ہونے والے نقصان کی پرواہ کیے بغیر علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی تھی ۔ ٹی آر ایس کا تین سالہ دور حکومت مایوس کن ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کیے ان میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا ۔ جس سے سماج کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے بدظن ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں غرق ہوچکی ہے ۔ عوامی مسائل پر حکومت کی کوئی توجہ نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی نے جس طرح تلنگانہ کے لیے جدوجہد کی ہے اس طرح عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے جدوجہد کرے گی ۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ گاؤں گاؤں جائے پریشان حال عوام ، کسانوں سے ملاقات کریں ۔ ان کے دکھ درد میں شریک ہو کر مسائل کی یکسوئی کے لیے ضرورت پڑنے پر احتجاج کرنے کے لیے سڑکوں پر اتر آئے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے دورے سنگاریڈی سے پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ تلنگانہ کے عوام نے راہول گاندھی کے جلسے عام کو کامیاب بناتے ہوئے یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے کتنے ناراض ہیں ۔ کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر آواز اٹھائے گی اور اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی ۔۔