ٹی آر ایس حکومت تاحال ایک بھی انتخابی وعدہ میں ناکام

کانگریس نے تلنگانہ عوام نے خوابوں کو پورا کیا : اُتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔ یکم نومبر (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت اقتدار پر فائز ہونے کے 17 ماہ گذرنے کے باوجود ایک بھی انتخابی وعدہ کی تکمیل میں ناکام ہوگئی ہے۔ حلقہ لوک سبھا ورنگل سے کانگریس کے امیدوار سرسلہ راجیا کو بی فارم کی حوالگی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ضلع ورنگل کے عوام کو دھوکہ دیا ہے اور بڑے پیمانے پر کسانوں کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ عوام نے سمجھا تھا کہ ٹی آر ایس اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل کرے گی لیکن وہ ایک بھی وعدہ پورا نہیں کرسکی۔ سرسلہ راجیا نے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے انہوں نے بھی کافی جدوجہد کی ہے اور تلنگانہ عوام کے اُمنگوں کی تکمیل کیلئے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بِل کو منظوری دلوائی تھی جس سے ورنگل کے عوام واقف ہیں۔ راجیا نے کہا کہ صرف کانگریس ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے تلنگانہ عوام کے خوابوں کو پورا کیا ہے۔