حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( این ایس ایس) : ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا نے آج صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پونالہ لکشمیا کی جانب سے ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف ناشائستہ ریمارکس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کانگریس قائد کو رشوت ستانی میں ملوث بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دور میں پونالہ نے جلایگنم اسکیم کے دوران آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے لیے مختص کردہ رقم کو لوٹا ۔ انہوں نے کہا کہ پونالہ کو کوئی حق نہیں ہے کہ وہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات عائد کریں ورنہ عوام کانگریس قائد کے خلاف میدان میں آجائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت عوامی بھلائی پالیسیوں سے منہ نہیں موڑے گی ۔ ٹی آر ایس حکومت غریب اور پچھڑے افراد کو قرض ، وظائف ، اراضیات ، امکنہ جات کی حوالگی کے لیے پابند عہد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پونالہ کے یہ ریمارکس کہ ٹی آر ایس حکومت زرعی قرضوں کی معافی میں ناکام ہوچکی ہے ۔ بالکل غلط ہیں جب کہ ٹی آر ایس حکومت نے 4250 کروڑ روپئے زرعی قرضہ معافی کے لیے جاری کرچکی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت عوام کی بھلائی کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لارہی ہے ۔۔