ٹی آر ایس حکومت ، میٹرو ریل کی مخالف نہیں

ایچ ایم آر حیدرآباد کے شہریوں کیلئے حکومت کا تحفہ : کے ٹی آر
حیدرآباد یکم / اگست ( این ا یس ایس ) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و پنچایت راج کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ ان کی حکومت حیدرآباد میں میٹرو ریل کی تعمیر کے عزم کی پابند ہے ۔ کے تارک راما راؤ ( کے ٹی آر ) جو یہاں میٹرو ریل اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کر رہے تھے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عظیم تر حیدرآباد کے شہریوں کو میٹرول ریل بطور تحفہ پیش کرے گی ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس پراجکٹ پر حکومت اور حیدرآباد میٹرو ریل (ایچ ایم آر ) کے عہدیداروں کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہے ۔ انہوں نے ایچ ایم آر حکام پر زور دیا کہ وہ میٹرو ریل کے فاصلے کو موجودہ 72 کیلومیٹر سے بڑھاتے ہوئے 200 کیلومیٹر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بعض گنجان علاقوں میں جہاں زمین کی سطح پر ریلوے لائین بچھانا دشوار ہے حکومت زیر زمین ریلوے لائین بچھانے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے ۔ اس موقع پر ایچ ایم آر کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ میٹرو ریل کے کام کسی بھی صورت میں معطل نہیں ہوں گے ۔ عمارت اسمبلی اور معظم جاہی مارکٹ کے علاقوں میں کوئی زیر زمین ریلوے لائین نہیں بنائی جائے گی ۔