حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کویتا 24 تا 27 فروری لندن میں کامن ویلتھ ممالک کی خاتون پارلیمنٹرین کی کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ اس کانفرنس میں کامن ویلتھ ممالک کی پارلیمنٹ میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ اور خاتون پارلیمنٹرین کو ترقیاتی سرگرمیوں میں مناسب حصہ داری جیسے موضوعات پر مذاکرات کا امکان ہے ۔ قانون ساز اداروں میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ کے مسئلہ پر امکان ہے کہ کویتا کانفرنس سے خطاب کریں گی۔ خواتین کے ساتھ یکساں سلوک، سیاسی میدان میں دوسروں کے برابر مساویانہ حقوق جیسے امور کانفرنس میں زیر بحث آسکتے ہیں۔ کامن ویلتھ ممالک میں خواتین کو درپیش مسائل پر بھی یہ کانفرنس غور کرے گی۔ لندن کے دورہ کے موقع پر کویتا تلنگانہ جاگرتی کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گی۔