حیدرآباد۔/4اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کیلئے علحدہ ہائی کورٹ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کی۔ ارکان پارلیمنٹ نے ارون جیٹلی کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ کیلئے علحدہ ہائی کورٹ کے قیام کا مطالبہ کیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ علحدہ ریاست کے قیام کے بعد علحدہ ہائی کورٹ کی تشکیل ریاست کی اہم ضرورت ہے۔ گزشتہ ایک سال سے ہائی کورٹ کی تقسیم کے معاملہ میں ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔ ارکان نے الزام عائد کیا کہ آندھرائی قائدین ہائی کورٹ کی تقسیم میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ جتیندر ریڈی اور ونود کمار نے کہا کہ علحدہ ہائی کورٹ کے قیام کیلئے سیکشن 31کے تحت مرکزی کابینہ کو منظوری دینی ہوگی اور اس قرارداد کو صدر جمہوریہ گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعہ منظوری دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کابینہ کے اجلاس میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے قیام کی منظوری سے متعلق قرارداد پیش کرنے کی خواہش کی۔ ارکان پارلیمنٹ نے ارون جیٹلی کو بتایا کہ علحدہ ہائی کورٹ کی عدم موجودگی کے باعث تلنگانہ عوام کو انصاف کے حصول کے سلسلہ میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ اس موقع پر ویشویشور ریڈی، بی سمن، جی نگیش اور دوسرے موجود تھے۔