حیدرآباد 26 اپریل ( این ایس ایس ) ہائیکورٹ نے دو کانگریس ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کرنے واحد رکنی بنچ کے فیصلے کے خلاف برسر اقتدار ٹی آر ایس کے 12 ارکان اسمبلی کی درخواست پر سماعت جمعہ تک ملتوی کردی ہے ۔ واضح رہے کہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں اسپیکر اسمبلی کی جانب سے کانگریس کے دو ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا تھا ۔ ان ارکان کی رکنیت ایوان میں کام کاج میں رکاوٹ پیدا کرنے اور مبینہ طور پر نامناسب رویہ اختیار کرنے پر برخواست کردی گئی تھی ۔ تاہم اسپیکر کے فیصلے کو ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دیدیا تھا ۔ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے سنگل بنچ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ویدیا ناتھن ارکان اسمبلی کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت سے خواہش کی کہ اس مسئلہ پر سماعت کی جائے ۔ انہوں نے دو ارکان کے اخراج کو کالعدم کرنے والے فیصلے کو برخواست کرنے کی استدعا کی ۔ عدالت نے اسپیکر کی جانب سے رکنیت کی برخواستگی کے خلاف کانگریس ارکان کی درخواست پر اپنا فیصلہ سنایا تھا ۔