حیدرآباد ۔12 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس سے انتخابی مفاہمت کے مسئلہ پر کانگریس ہائی کمان کے ٹی آر ایس قیادت سے مذاکرات جاری ہیں۔ تاہم تلنگانہ کانگریس قائدین چاہتے ہیں کہ مجالس مقامی میں پارٹی کے موقف کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس سلسلہ میں پیش قدمی کی جائے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کانگریس کے بعض قائدین انتخابی مفاہمت کے مسئلہ پر ڈاکٹر کیشو راؤ اور دیگر قائدین سے ربط میں ہیں۔ تاہم نشستوں کی تقسیم اور چیف منسٹر کے عہدہ کے مسئلہ پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ کانگریس پارٹی زیادہ تعداد میں اسمبلی نشستوں کے ساتھ ساتھ چیف منسٹر کے عہدہ پر دعویداری پیش کر رہی ہے جبکہ ٹی آر ایس کم نشستیں حاصل کرنے پر آمادہ ہے لیکن چیف منسٹر کا عہدہ چھوڑنے تیار نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹی آر ایس کو انتخابی مفاہمت کیلئے مجبور کرنے ہائی کمان نے تلنگانہ قائدین کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مجالس مقامی کی مہم میں مصروف ہوجائیں
اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مجالس مقامی کے نتائج کانگریس کے حق میں ہوں۔ اگر مجالس مقامی چناؤ میں کانگریس کا مظاہرہ بہتر رہے گا تو ٹی آر ایس کو انتخابی مفاہمت کیلئے مجبور ہونا پڑے گا ۔ اسی حکمت عملی کے تحت کانگریس نے انتخابی مفاہمت کی بات چیت کو مجالس مقامی کے انتخابات تک ٹالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کے تلنگانہ قائدین انتخابی مفاہمت کی صورت میں اپنی نشستوں کو لیکر فکرمند ہیں۔ تاہم ہائی کمان نے یقین دلایا ہے کہ تلنگانہ کے تمام اہم قائدین کو نشستوں کی فراہمی کے سلسلہ میں ٹی آر ایس سے بات چیت کی جائے گی ۔ ضرورت پڑنے پر ٹی آر ایس کے بعض موجودہ ارکان اسمبلی کے حلقوںکی تبدیلی کیلئے اصرار کیا جاسکتا ہے ۔ ٹی آر ایس کو انتخابی مفاہمت کیلئے راضی کرنے جئے رام رمیش کے ذریعہ دلت چیف منسٹر کا کارڈ کھیلا جارہا ہے تاکہ تلنگانہ میں دلت اور کمزور طبقات کی تائید حاصل کی جاسکے۔ دوسری طرف ٹی آر ایس قائدین اگرچہ انتخابی مفاہمت میں بظاہر عدم دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں تاہم انہیں یقین ہے کہ تنہا مقابلہ کی صورت میں پارٹی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ موجودہ ارکان اسمبلی کی خواہش ہے کہ انتخابی مفاہمت کرلی جائے تاہم دیگر قائدین جو اسمبلی اور لوک سبھا کی نشستوں پر نظر جمائے بیٹھے ہیں، وہ پارٹی کے تنہا مقابلہ کے حق میں ہیں۔
ٹی آر ایس صدر چندر شیکھر راو نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ مجالس مقامی میں پارٹی کے بہتر مظاہرے کیلئے سرگرم ہوجائیں۔ انہوں نے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس میں کہا کہ مجالس مقامی نتائج کی بنیاد پر انتخابی مفاہمت کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ پارٹی کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے دعویٰ کیا کہ مجالس مقامی انتخابات میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ جدوجہد میں کامیابی کے سبب عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور تلنگانہ کی تمام بلدیات اور میونسپلٹیز پر ٹی آر ایس کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ضلع صدور اور انچارجس کو پارٹی بی فارم حوالے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کسی بھی جماعت سے مفاہمت نہیں کی جائے گی۔