دونوں نے تلنگانہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا : ریونت ریڈی کا الزام
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : سینئیر قائد تلگو دیشم و رکن اسمبلی مسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور کانگریس کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ یہ پارٹیاں تلنگانہ عوام کیلئے آئندہ انتخابات میں ناقابل قبول ہوں گی کیونکہ کانگریس نے تلنگانہ بالخصوص ضلع محبوب نگر کے عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی کو نظر انداز کردیا جبکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی صدر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی علاقہ تلنگانہ بالخصوص ضلع محبوب نگر کی ترقی کیلئے کوئی اقدامات کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ گذشتہ انتخابات میں چندر شیکھر راؤ صرف تلگو دیشم کے رحم و کرم اور تعاون کے نتیجہ میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس مرتبہ وہ کسی حلقہ سے کامیابی حاصل نہیں کرسکیں گے کیونکہ ان کی کوئی بھی جماعت تائید کرنے تیار نہیں ہے ۔ بلکہ ان سے دوری اختیار کرنے کو اپنی بہتری تصور کررہی ہیں ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے محبوب نگر میں منعقد ہونے والے تلگو دیشم پرجاگرجنا کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور کانگریس پر برہمی کا اظہار کیا اور سونیا گاندھی کیلئے مندر کی تعمیر کرنے والے قائدین سے کہا کہ شہیدان تلنگانہ کی سمادھیوں کے درمیان سونیا کیلئے مندر تعمیر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو کو ایک بامعنی بنانے اور سماجی تلنگانہ کی تعمیر کرنے تلگو دیشم سنجیدہ ہے اور اس تعلق سے اقدامات کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر میں تلگو دیشم پرجا گرجنا کامیاب ہوگا ۔